شیریں کلامی

 

شیریں کلامی کے معنی ہیں فصاحت  و لطافت  سےگفتگو کرنا، کسی  سے نرم لہجے اور شیریں زبانی سے بات کرنا۔ سلام کرنا،   شکریہ ادا کرنا،  حال پوچھنا،   ایک دوسرے کو نیک دعائیں دینا،  اچھی باتیں کرنا،  اچھی باتیں سمجھانا،  اسی ایک صفت کے مختلف جزئیات ہیں۔

شیریں   کلامی یہ ہے کہ باہم ایک انسان دوسرے انسان سے باتیں کرنے میں ایک دوسرے کے ادب و احترام اور لطف و محبت  کے  پہلو کو  ملحوظ رکھے تاکہ آپس میں خوشگوار تعلقات پیدا ہوں اور باہمی مروت اور محبت بڑھے۔

شیریں کلامی کے ساتھ گفتگو کی عادت انسانی خصائل میں سے بہترین عادت ہے۔   اس سے ہر آدمی کا دل جیتا جا سکتا ہے گفتگو میں کڑوا  لہجہ،    چیخنا  چلانا،   ڈانٹ پھٹکار منہ بگاڑ کر جواب دینا ، یہ اتنی مردود عادتیں ہیں کہ اس سے آدمی ہر ایک کی نظر میں قابل نفرت ہو جاتا ہے۔

خوش گوئی اور خوش کلامی آپس میں میل ملاپ پیدا کرتی ہے اور بدگوئی و بد کلامی پھوٹ پیدا کرتی ہے،  جو شیطان کا کام ہے۔ وہ اس کے ذریعہ سے لوگوں میں غصہ ،  نفرت ،  حسد اور نفاق کے بیج بوتا ہے۔ اس لیے  ہمارے لئے بہتر ہے کہ ہم   نیک بات بولیں،   نیک بات کہیں،  اچھے لہجے میں کہیں اور نرمی سے کہیں کہ آپس میں میل ملاپ اور مہر و محبت پیدا ہو۔

آنخضرت ﷺ نے فرمایا کہ مسلمان نہ طعنہ دیتا ہے،   نہ لعنت بھیجتا ہے،   نہ بد زبانی اور فحش کلامی کرتا ہے(صحیح بخاری)۔ اس سے معلوم ہوا کہ ایک مسلمان کی شان اس قسم کی غیر مہذبانہ باتوں سے بہت  بلند   ہونی چاہیے۔ اس کی زبان سے حق و صداقت،    خیر و بھلائی ،   نیک  خواہی،   اور بھلائی کے سوا کوئی اور بات نہ نکلے۔ ایک اور مقام پر فرمایا کہ جو اللہ اور روز جزا پر یقین رکھتا ہے اس کو چاہیے کہ وہ اچھی بات بولے ورنہ چپ رہے(صحیح مسلم)۔

خوش مزاجی ہمیشہ خوبصورتی کی کمی کو پورا کر دیتی ہے لیکن خوبصورتی خوش مزاجی کی کمی کو پورا نہیں کر سکتی۔

اگر آپ   خوبصورت   اور خوش لباس ہیں تو   آپ کو دنیا   کی رنگینیاں اچھی  لگیں گی  لیکن اگر آپ  خوش گفتار ہیں   تو آپ دنیا کو اچھے لگو گے۔  

اپنی زبان کو نرم گفتگو اور سلام کا عادی بناؤ کہ اس سے تمہارے دوست زیادہ اور دشمن کم ہوں گے۔

 کامیاب لوگ اپنے ہونٹوں پہ دو چیزیں رکھتے ہیں ،   خاموشی  اور مسکراہٹ،  مسکراہٹ مسئلے حل کرنے کے لیے اور خاموشی مسئلوں سے دور رہنے کے لیے۔

نہ لو تم بخل سے کچھ کام اب شیریں کلامی میں​
مزہ  جاتا  رہے  گا  ورنہ  لفظوں  کی  حلاوت  کا​


 

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

موج مستی

تدبیر

وقت