وفاء داری


اس کے معنی ہیں  اخیر تک نباہ دینا، پابندی عہد کرنا، جاں نثاری کرنا، خیر خواہی چاہنا  اور کرنا، اخلاص اور دیانت داری سے  ملنا ملانا  اور نمک حلالی کرنا۔

 وفا وہ پاکیزہ جذبہ کہلاتا ہے جو محبت اور ہمدردی کے جذبات سے جنم لیتا ہے۔ اس جذبے کا مظہر بے لوث احسان یا نیکی اور قربانی ہے۔  وفاداری  اپنے تمام وعدوں کو دیانتداری سے پورا کرنے کے علاوہ   پُرمحبت وابستگی کے ساتھ ساتھ دوسروں کی بھلائی کے لئے مثبت اقدام اُٹھانے کا خیال  پیش کرتی ہے۔

وفاداری ایک ایسا  غیر رسمی عہد ہے  جس میں اپنوں  کی عزت، عصمت، مال و دولت کو اپنا سمجھتے ہوئے  ، بے لوث اور بغیر کسی تقاضے کے حفاظت کرنا اور احسان بھی نہ جتانا۔ 

وفاداری انسان کی ایسی صفت ہے جس میں انسان اپنی ذات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو اس طریقے سے نبھاتا ہے کہ اس پہ اعتبار کرنے والے، اس پہ انحصار کرنے والے ، اس کو ایمان دار سمجھ کر امانت رکھوانے والے   ناامید نہ ہوں۔ 

وفاداری دیرپا  تعلقات کی پائیداری اور استحکام کے لئے نہایت ضروری ہے۔  وفادار کی تعریف یہ ہے کہ  انسان  اپنے وعدے اور عہد میں مخلص ہو،  اپنے کام اور ذمہ داریوں کو ایمانداری سے نبھائے۔  حکومت ،   ریاست یا  کسی شخص  (خاتون سے شادی  وغیرہ) سے کئے گئے عہد ،  وعدے اور بیعت  کو پوری طرح نافذ کرے اور انحراف نہ کرے۔ 

اگر آپ  کسی شخص   یا   دیگر  کے   ساتھ مخلص ہیں اور آپ نے اپنے آپ کو ان کے لئے وقف کردیا ہے تو آپ ایک وفا شعار انسان ہیں۔  اگر آپ  ماما گجر کے علاوہ کسی  دوسرے  شِیر فروش سے دودھ نہیں خریدتے تو آپ وفادار گاہک ہیں۔  جو   وفادار ہوتا ہے ؛ وہ ہمیشہ سچا انسان اور قابل بھروسہ  شخص ہوتا ہے۔ خواہ کچھ بھی ہوجائے ایک وفادار دوست  ہمیشہ آپ کی مدد کرے گا ۔  

خارجی طور پر قانون یا کسی اور ادارے کی طرف سے نافذ کئے گئے اصول و ضوابط کی تعمیل اس لئے کی جاتی ہے تاکہ سزا سے بچا جاسکے۔ لیکن ایسا رویہ اور برتاؤ جو انسان اخلاقی اصولوں کی پیروی میں اپنی مرضی اور دل کی گہرائیوں سے اپنی وفاداری نبھاتے ہوئے کرے،  وہ یقیناً قابل تحسین  عمل ہے۔

میرے خیال میں وفاداری   کسی بیرونی  اثرو رسوخ کی وجہ سے نبھائی نہیں جاتی بلکہ یہ انسان کے اندر کی اخلاقی خصوصیات  اور اس کا اپنا لیا  گیا آذانہ فیصلہ ہوتا ہے۔

وفاداری اور قربانی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔   وفاداری میں انسان خود کو نقصان پہنچا لیتا ہے لیکن اپنے دوستوں  اور اعتبار کرنے والوں پر آنچ نہیں آنے دیتا۔  وفادار ی میں انسان اپنے ساتھیوں کو نہ تو دھوکہ دینے کا سوچتا ہے اور نہ ہی کسی  دوسرے کو اپنے ساتھیوں کو دھوکہ دینے کی اجازت دیتا 
ہے۔ 

محبت وفادار کی داستان ہوتی ہے اور  وفادار شخص کے لئے وفاداری سے ذیادہ  کوئی شے پر کشش نہیں ۔



تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

موج مستی

تدبیر

وقت