دھوکہ
اس کے معنی ہیں ترغیب، ترغیص، کشش، ٹھگ لینا، خُرد بُرد کرنا، فریب دے کر لُوٹنا، عیاری کرنا، دھوکہ دہی، حق مارنا، دھوکہ بازی، دھاندلی کرنا، حیلہ، بہانہ، نقلی، جھوٹا، بناوٹی، مذموم، معیوب، غیر حقیقی، بناوٹی چال۔
انسانی فطرت ہے کہ اپنی خواہشات کے حصول کے لئے ہر طرح کی کوشش کرتا ہے۔ یہ حق ہر انسان کو حاصل ہے کہ وہ اپنی ضروریات کو پورا کرے۔
لیکن اپنی بے جا خواہشات جس کے بغیر اچھی طرح گُزارہ ہوسکتا ہے لیکن ان کی تکمیل کے لئے اپنے قریب ترین لوگوں کو دھوکہ دینا ، انھیں اندھیرے میں رکھنا، اور انھیں بے وقوف بنانا، وقتی خوشی اور شادمانی کا باعث تو ہوسکتا ہے لیکن دائمی پچھتاوے اور رشتوں میں دڑاڑ کی بنیاد بھی ہوسکتا ہے اور یقینا ً اللہ تعالی کے ہاں ناپسندیدہ عمل بھی شمار ہوسکتا ہے۔
جیسے کوئی ہاسٹل میں رہنے والا طالب علم ، گاؤں میں رہنے والے اپنے ان پڑھ والدین کو بے وقوف بنا بنا کر پیسے اینٹھتا رہے اور ایک سے بڑھ کر ایک بہانہ کرکے ان سے پیسوں کا تقاضا کرے۔ کبھی فیس کے لئے، کبھی کتابوں کے لئے، کبھی کھانے کے لئے اور کبھی یہ کہے کہ یونیورسٹی میں امتحان کے لئے بلاٹنگ پیپر کی ضرورت ہے اور بہت سے پیسے منگوا لے۔
اسی طرح پھل بیچنے والارھیڑی والا اچھے اچھے پھل سامنے سجا کررکھتا ہے تاکہ دیکھنے والے متوجہ ہوں اور جب پھل دینے لگتاہے تو گلے سڑے ہوئے پھل بھی تول میں شامل کردیتا ہے۔ جس کا علم گاہک کو گھر جاکر ہوتاہے اور اس وقت وہ صرف دل میں ہی بُرا بھلا کہہ کر پُرسکون ہوجاتا ہے۔
دھوکہ کیوں دیا جاتاہے:
- اپنے عیب اور نقائص کو چھپانے کے لئے دھوکہ دیا جاتا ہے۔
- تھوڑے وقت میں ذیادہ مال بنانے کے لئے یا جنسی و جسمانی لذت کے لئے دھوکہ دیا جاتاہے۔
- جب کوئی شخص اپنے قد سے اونچا ہونے کی کوشش کرتا ہے تو اسے اپنے مذموم ارادوں اور خوابوں کی تعبیر کے لئے ایک واحد حل دھوکہ کی شکل میں سجھائی دیتاہے۔
- جن لوگوں کو اپنی عزت کا پاس نہ ہو، جن کی نظر میں ان کا کوئی رتبہ نہ ہو، اور جن کا کوئی کردار نہ ہو، ایسے لوگوں کے لئے دھوکہ دہی ایک آسان کام ہوتا ہے۔
- دھوکہ آپ کی دولت میں سے کچھ رقم اینٹھنے کے لئے دیا جاتاہے۔
- دھوکہ دینے والا اپنے مفاد کے لئے دھوکہ دیتا ہے۔
- دھوکہ دینے والا آپ کو آپ کی نیک نامی سے محروم کرنے کے لئے برسرپیکار ہوتا ہے۔
- دھوکہ ہمیشہ وہ انسان دے سکتا ہے جسے اپنی عزت پیاری نہ ہو۔ جو خود دار نہ ہو اور بے ایمان ہونے کے ساتھ ساتھ تھوڑے پیسوں میں بک جانے والا انسان ہو۔
- کاروباری لوگ اپنے کاروبار کو بڑھانے کے لئے دھوکہ دیتے ہیں۔
دھوکہ کن لوگوں کو دیا جاتا ہے:
- ایسے لوگ جلد دھوکہ کا شکار ہوجاتے ہیں جن کے ذہن میں بچپن سے یہ بٹھا دیا جائے کہ یہ بچہ تو بہت شریف ہے، بہت نیک ہے اور بہت پارسا ہے۔ ایسا انسان چالاک لوگوں کی چالاکی سے دوری اختیار کرنے کی وجہ سے، عیار لوگوں کی عیاری سے بے خبر رہنے کی وجہ سے جلد ہی دھوکہ بازوں کا شکار ہوجاتا ہے۔
- ایسے لوگ جن کے پاس سرمایہ ہو اور کام نہ کرنا چاہتے ہوں؛ ا یسے لوگ بھی دھوکہ بازوں کی ہٹ لسٹ پر ہوتے ہیں۔
- ایسے لوگ جو قدرتی طور پر کسی جسمانی نقص میں مبتلا ہوں، جو کسی بڑے خسارے کا شکار ہوئے ہوں، یا جن کے گھر کا سربراہ ماضی قریب میں ہی فوت ہوا ہو یا قتل کردیا گیا ہو۔ دھوکہ باز ان کے جذبات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان سے جھوٹ بول کر، سبز باغ کا وعدہ کرکے ان سے مال بٹورنے کے لئے نئی نئی سکیمیں بناتے ہیں۔
- جن لوگوں کے بارے میں مشہور ہوکہ وہ نقصان برداشت کرنے کی سکت رکھتے ہیں اور کسی مصیبت پہ شور مچانے کی بجائے خاموشی کو ترجیح دیتے ہیں۔ ایسے لوگ بھی دھوکہ بازوں کی فہرست میں شامل ہوتے ہیں اور ان کے نشانے پہ ہوتے ہیں۔
- دھوکہ ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جن کے تعلقات بڑے لوگوں سے نہ ہوں اور ایسے لوگ جو مقامی با اثر لوگوں سے دور رہیں انھیں نشانہ بنایا جاتا ہے۔
- دھوکہ کے لئے دھوکہ باز بہت لمبی اور گہری پلاننگ کرتے ہیں اور ان کا آسان شکار وہی ہوتا ہے جو بہت معصوم ہو اور جو بہت کم لوگوں سے میل جول رکھتا ہو۔
- دھوکہ کے لئے مالدار اور سیدھے سادھے لوگوں کا انتخاب کیا جاتاہے۔
دھوکہ سے بچنے کے طریقے:
- اپنے سرمایے کو محفوظ رکھیں اور کسی کو کانوں کان اس کی خبر نہ ہونے دیں۔
- اگر آپ کے پاس بہت سا مال ہے، عزت ہے ، اچھا گھر ہے تو سادہ زندگی اپنائیں، کسی کو شیخیاں مارنے سے اجتناب کریں، گھر میں ہر ایک کو مدعو نہ کیجئے۔ تاہم مسجد ضرور جائیں، مقامی لوگوں سے رابطہ میں رہیں اور محلے میں با اثر لوگوں سے سلام دعا رکھیں، اسکول میں بچوں کے ٹیچر سے بار بار ملیں اور اپنے بچوں کی خبر گیری کرتے رہیں۔
- یاد رکھئیے وہ تمام امور جو چھپ کر طے کئے جائیں ۔ جس میں مثبت اور تجربہ کار لوگوں ، خصوصاً والدین کو شامل نہ کیا جائے، اس میں دھوکہ کے امکانات بہت ذیادہ ہوتے ہیں۔
- فوری اور مکمل اعتماد بالکل کسی پر نہ کریں، خاص طور پر کسی انجان شخص پر۔
- خود کو مضبوط رکھیں۔
- پیار اور توجہ والی باتوں کے چنگل میں نہ آئیں۔
- اپنی کوئی ذاتی بات دوسروں سے شیئر نہ کریں۔ خصوصی طور پر آپ آڈیو یا ویڈیو کے ذریعے گفتگو کررہے ہوں۔
- جس موقع پہ آپ کو یقین ہوجائے کہ آپ دھوکہ میں آرہے ہیں فوری دھوکہ بازکے چنگل سے نکلیئے۔
- دھوکہ باز کے سامنے کمزور نہ پڑیں۔ بلیک میل نہ ہوں۔ خود کو اکیلا ظاہر نہ کریں۔ اپنے گھر والوں، عزیز و اقارب اور دوستوں کو اعتماد میں لیں۔ حوصلہ اور ہمت سے کام لیتے ہوئے دھوکہ سے باہر آجائیں۔
دھوکہ کی سچائی:
- اگر کوئی سچی بات کرے تو اسے ہم کبھی غور سے نہیں سنتے جبکہ خوشامد ایک بدترین دھوکہ ہے جسے ہم پوری توجہ سے سنتے ہیں۔
- جہاں دھوکہ ملے وہاں دوبارہ نہیں جانا چاہیے۔
- دھوکہ دینا آسان ہے مگر خود سہنا بہت ہی مشکل ہے۔
- دھوکہ دینے والا دوسرے کو دھوکہ دینے سے پہلے خود اس سے بڑے دھوکے میں ہوتا ہے، وہ خدا سے غافل، نفس کے دھوکے میں آ کر، خدا کی مخلوق کو نہیں ایک طرح سے خدا کو دھوکہ دیتا ہے، اور اس طرح دوسرے کو دھوکہ دے کر یا دھوکے میں رکھ کر اپنی زندگی میں دھوکے کو دعوت دے کر بلاتا ہے، کیوں کہ دھوکہ پلٹ کر آتا ہے جیسے نیکی پلٹ کر آتی ہے، ہر نفس وہ سب دیکھ لے گا اس جہاں میں بھی اور اس جہاں میں بھی، جو جو اس نے بویا اور کمایا۔
- دھوکہ کھانے والا شریف اور مجبور انسان ، اکثر خاموشی سے آپ کا د ھوکہ برداشت کرجاتاہے مگر اللہ تعالی نہ بھولتاہے اور نہ ہی چھوڑتاہے۔
- دھوکہ کھانے والوں کو تو وقت کے ساتھ ساتھ سکون مل جاتاہے لیکن دھوکہ دینے والے کو کبھی سکون نہیں ملتا۔
- مالی طور پر دھوکہ کھانے کے بعد اس کا نقصان ؛ انسان وقت کے ساتھ ساتھ نظر انداز کردیتا ہے مگر جذباتی اور جائز رشتوں میں دھوکہ کھانا تو جان ہی نکال دیتا ہے۔ ایسا دھوکہ دل ہی نہیں توڑتا بلکہ گردن مڑوڑ دیتا ہے اور روح تک کو نچوڑ دیتا ہے۔
- ہم کسی معصوم انسان کو تو دھوکہ دے سکتے ہیں مگر رب کائنات کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔


تبصرے