شکر گزاری
اس کے معنی ہیں احسان ماننا، احسان مندی، حق شناسی، سپاس گزاری، تشکر، تعریف، توصیف، ممنونیت ، منت پذیری، ثنا گری۔
شکر گزاری اچھی خوبیوں میں سے ایک ہے۔ بھلائی کرنے والوں کا احسان ماننا اور ان کا شکر ادا کرنا بہترین اخلاقی خوبی ہے۔ ایسی خصلت کے لوگ ہر وقت اللہ تعالی کی نعمتوں کا شکر ادا کرتے رہتے ہیں۔ اگر زندگی میں کچھ کمی بیشی رہ جائے تو پھر بھی زبان سے الحمد للہ ہی کہنا ضروری سمجھتے ہیں۔
بے شک اللہ رب العزت کے ہم پہ بے شمار انعامات اور احسانات ہیں۔ جن کا بدلہ تو ہم چکا نہیں سکتے لیکن ہم عبادات اور ذکر الہی کے ذریعے شکر ادا کرسکتے ہیں۔ اسی طرح ایک بندے کے دوسرے بندے پہ بہت احسان ہوتے ہیں۔ جنھیں دل سے ماننا چاہیے اور اگر آپ ان احسانات کا بدلہ اتارنے کی سکت نہیں رکھتے تو کم از کم ان کا برملا شکریہ ضرور ادا کیجئے اور ان کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آیئے۔
شکر گزاری اور احسان مندی کے جذبات رکھنے والے اپنے ارد گرد کے ماحول کو بھی خوشگوار بنائے رکھتے ہیں۔ جو لوگ اپنے محسنوں کے حسن سلوک اور احسان کا اقرار کرتے ہیں اور شکر ادا کرتے ہیں وہ ناصرف اپنے مہربانوں کے درمیان خوشگواری کی چاشنی بکھیرتے ہیں بلکہ اللہ تعالی کی رضا بھی حاصل کرتے ہیں۔
ایسے بہت سے لوگ موجود ہیں جو لوگوں سے بھلائی کرتے رہتے ہیں۔ لیکن ان کی یہ خوبی ہے کہ وہ اسے جتاتے نہیں۔ اگر احسان لینے والے اپنے محسن کو عزت کی نگاہ سے دیکھے، دل میں اس کا احترام کرے تو یہ اس احسان مند کی اخلاقی خوبی ہے۔
میرے ایک استاد محترم نے مجھے ایک کتاب خریدنے کو کہا اور جب مجھے پڑھانا شروع کیا تو پہلے یہ کہا کہ اس کتاب کے مصنف سے روحانی تعلق قائم کیجئے ، اور اس کے نیک کاموں کے لئے دعا کرتے رہیے تاکہ آپ ان کے علم و فضل سے فیضیاب ہوسکیں۔
یاد رکھیئے شکر گزاری انسان کو اطمینان قلب بہم پہنچاتی ہے اور اپنے رب سے قریب کرنے کا سبب ہوتی ہے۔ شکر گزار بندہ ہمیشہ خوش ہوگا۔ کم وسائل میں بھی مطمئن اور پرسکون ہوگا۔ شکر گزاری کی صفت انسان کو ناامیدی سے دور کرتی ہے اور اسے ذہنی طور پر مضبوط بھی بناتی ہے۔ شکرگزاری احساسات سے بھرپور مزین ہوتا ہے اور شکرگزاری سے آپ کے ذہن میں اچھے اچھے خیالات پیدا ہوتے ہیں جو آ پ کو زندگی میں کامیابی کے بے شمار دروازے کھول دیتے ہیں۔
آپ کوشش کریں کہ جن لوگوں سے کوئی بھی گلہ ہو، انھیں صدق دل سے معاف کردیں ، اس طرح خوشیوں سے نہال ہوجائیں گے۔
شکرگزاری نعمتوں میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔ اور شکر گزاری سب سے زیادہ قیمتی اور مفت تحفہ ہے جس سے ایک اچھا احساس پیدا ہوتا ہے اور ایسا لگتا ہے جیسے زندگی کی تمام برکتیں مل گئی ہیں۔

تبصرے